ڈیفنس کراچی میں جانوروں پر بہیمانہ تشدد: سوشل میڈیا انفلوئنسر خاتون گرفتار، کئی جانور بازیاب

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 11 جولائی 2025

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں جانوروں پر بہیمانہ تشدد اور انہیں قتل کرنے کا ایک خوفناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون کو گرفتار کرلیا ہے۔

 

یہ کارروائی JFK اینیمل ریسکیو اینڈ شیلٹر کی شکایت پر کی گئی، جس کی قیادت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (ASP) سیدہ شہربانو نقوی نے کی۔ چھاپے کے دوران متعدد جانوروں کو بازیاب کرایا گیا جن میں خرگوش، بلی کے بچے، سانپ اور عقاب شامل تھے، جبکہ موقع سے مردہ جانور، خون کے نشانات، منشیات اور سگریٹس بھی برآمد ہوئے۔

 

گرفتار خاتون مبینہ طور پر ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر ہے، جو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ @dejaylazawal پر جانوروں پر تشدد کی ویڈیوز اپلوڈ کرتی رہی۔ یہ مناظر دیکھ کر عوام میں شدید غم و غصہ پھیل گیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کی۔

 

JFK اینیمل ریسکیو نے واقعے کو "انتہائی ہولناک" قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ کارروائیاں کسی شیطانی رسم یا روحانی جنون کا حصہ ہو سکتی ہیں، تاہم حتمی مقصد کا تعین تاحال نہیں ہو سکا۔

 

ASP شہربانو کے مطابق خاتون ذہنی طور پر غیر مستحکم نظر آتی تھی اور اس سے قبل ایک بحالی مرکز سے بھی فرار ہو چکی تھی۔ خاتون کو ذہنی صحت کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے خلاف فوجداری مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔

 

واقعے کے بعد جانوروں کے حقوق کے تحفظ اور سوشل میڈیا پر تشدد آمیز مواد کے خلاف سخت قوانین کے مطالبات زور پکڑ گئے ہیں۔