40 ہزار پاکستانی زائرین لاپتا، حکومت نے نیا کمپیوٹرائزڈ نظام متعارف کرا دیا

news-banner

پاکستان - 16 جولائی 2025

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے انکشاف کیا ہے کہ ایران، عراق اور شام جانے والے تقریباً 40 ہزار پاکستانی زائرین لاپتا ہو چکے ہیں، جن کا کوئی سرکاری ریکارڈ موجود نہیں۔

 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ زائرین یا تو ان ممالک میں مستقل طور پر مقیم ہو گئے یا مکمل طور پر لاپتا ہو چکے ہیں، جس کے باعث متعلقہ حکومتوں نے پاکستان سے باضابطہ طور پر تشویش کا اظہار کیا۔

 

اس سنگین صورتحال کے بعد وزارت مذہبی امور نے روایتی سالار سسٹم کو ختم کر کے ایک نیا، کمپیوٹرائزڈ اور منظم نظام متعارف کرا دیا ہے تاکہ زائرین کی بہتر نگرانی اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

 

اب صرف وہی کمپنیاں زائرین کو زیارات کے لیے لے جانے کی اہل ہوں گی جو وزارت سے رجسٹرڈ اور مجاز ہوں گی۔ ان کمپنیوں کو "زیارت گروپ آرگنائزرز" کے سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں گے تاکہ سفر کے تمام مراحل کا مکمل ریکارڈ رکھا جا سکے۔

 

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس نئے نظام کا مقصد زائرین کے تحفظ کو یقینی بنانا اور سفری عمل میں شفافیت لانا ہے، تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔