وزارتوں کی کارکردگی پر ہر دو ماہ بعد نظرِثانی ہوگی، ناقص کارکردگی پر تادیبی کارروائی ہوگی: وزیراعظم شہباز شریف

news-banner

دنیا - 16 جولائی 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ اب سے ہر دو ماہ بعد وفاقی وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اچھی کارکردگی پر تحسین دی جائے گی، کمی کوتاہی کو دور کیا جائے گا، اور جہاں ضرورت ہو وہاں تادیبی اقدامات سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ جھوٹے بیانیے کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی، صرف حقیقی کارکردگی ہی معیار ہو گی۔

 

کابینہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے محرم الحرام کے پرامن انعقاد پر وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزیر داخلہ اور متعلقہ اداروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اسے قومی اتحاد اور ہم آہنگی کا نتیجہ قرار دیا۔

 

شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب پر این ڈی ایم اے کی بریفنگ لی گئی ہے، اور ادارے کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔ تاہم سوات میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کو سبق بنا کر آئندہ کے لیے مؤثر حکمت عملی بنائی جائے گی۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کا اظہار ہے، اور معاشی استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ ڈیڑھ سال گزرنے کے بعد اب کابینہ ارکان کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا، جو معیار پر پورا اتریں گے وہ سروں کا تاج ہوں گے اور باقیوں کو محسوس دلایا جائے گا۔

 

انہوں نے وفاقی وزیر احسن اقبال کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ ترقیاتی بجٹ 10 کھرب روپے تک پہنچا ہے، جو ایک بڑی پیش رفت ہے۔