بیگم رقیہ یونیورسٹی کے طالبعلم ابو سعید کی شہادت کو ایک سال مکمل، ’یومِ شہیدِ جولائی‘ عقیدت سے منایا گیا

دنیا - 16 جولائی 2025
رنگپور کی بیگم رقیہ یونیورسٹی کے طالبعلم ابو سعید کی شہادت کو ایک سال مکمل ہو گیا۔ 16 جولائی 2024 کو کوٹہ اصلاحات کے حق میں مظاہروں کے دوران پولیس فائرنگ سے شہید ہونے والے ابو سعید کی یاد میں آج ’یومِ شہیدِ جولائی‘ عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
اس موقع پر جامعہ کے اساتذہ، طلبہ اور شہریوں نے ان کی قبر پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور جلوس نکالا۔ بعدازاں کیمپس میں ایک تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہید کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
ابو سعید کے اہلِ خانہ کی جانب سے قرآن خوانی، دعائیہ تقریب، اور مستحقین میں کھانے کی تقسیم کی گئی۔ والدہ منورہ بیگم اور والد مقبول حسین نے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود قاتل آزاد گھوم رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 16 جولائی کو مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ کے دوران ابو سعید شدید زخمی ہو گئے تھے، انہیں رنگپور میڈیکل کالج منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ عینی شاہدین، طلبہ رہنماؤں اور اساتذہ نے اس واقعے کو ’سوچی سمجھی ٹارگٹ کلنگ‘ قرار دیا ہے۔