37 سال بعد بھی ’اسٹرنگز‘ کا جادو برقرار، نیویارک میں فیصل کپاڈیہ کے کنسرٹ میں مداحوں کا جوش

انٹرٹینمنٹ - 16 جولائی 2025
پاکستان کے مقبول ترین میوزیکل بینڈ ’اسٹرنگز‘ کا سحر آج بھی برقرار ہے، اور اس کا ثبوت حالیہ کنسرٹ میں مداحوں کا شاندار استقبال ہے۔
امریکی ریاست نیویارک میں فیصل کپاڈیہ کے سولو کنسرٹ میں بڑی تعداد میں شائقین نے شرکت کی اور ماضی کے مشہور نغموں پر جھومتے رہے۔ فیصل نے ’’سر کیے یہ پہاڑ‘‘، ’’دوستی‘‘ اور ’’سجنی‘‘ جیسے مشہور گانے پیش کیے، جن پر شائقین نے بھرپور داد دی۔
یاد رہے کہ 25 مارچ 2021ء کو بینڈ کی جانب سے اچانک اس کے اختتام کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد فیصل کپاڈیہ، بلال مقصود، عدیل علی، حیدر علی، احمد نیانی اور بریڈلے ڈی سوزا پر مشتمل یہ بینڈ 33 سالہ کامیاب سفر کے بعد ختم ہو گیا تھا۔
اسٹرنگز کا آغاز 1980ء کی دہائی میں کالج کے دنوں سے ہوا، اور اس نے جلد ہی نوجوانوں کے دل جیت لیے۔ ان کا موسیقی میں منفرد انداز سرحدوں سے نکل کر دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرتا گیا۔
بینڈ کے خاتمے پر بانی رکن بلال مقصود نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اور فیصل کپاڈیہ دونوں اس فیصلے کے بعد کچھ ادھورا اور عجیب محسوس کر رہے ہیں۔
تاہم، حالیہ کنسرٹ نے ثابت کر دیا کہ اسٹرنگز کا میوزک آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔