پی آئی اے کی برطانیہ میں بحالی قومی وقار کی فتح ہے، خواجہ آصف کی پریس کانفرنس

پاکستان - 16 جولائی 2025
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کو برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکالا جانا ایک تاریخی سنگ میل ہے، جو وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کی کوششوں سے حاصل ہوا۔ انہوں نے اسے قومی وقار کی بحالی قرار دیا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران خواجہ آصف نے سابق حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں اس وقت کے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے اپنی ہی ایئر لائن پر بے بنیاد الزامات لگائے، جس سے عالمی اداروں کو پابندیاں لگانے کا جواز ملا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ غلام سرور کے بیان سے اربوں روپے کا نقصان ہوا اور سب سے بڑا نقصان پاکستان کی ساکھ کو پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی تین سالہ مسلسل کوششوں کے بعد اب پی آئی اے نئے دور میں داخل ہو رہی ہے، اور یہ ایک اہم کامیابی ہے۔ ان کے مطابق اب اگلا مرحلہ پی آئی اے کی نجکاری کا ہے تاکہ ادارے کو جدید اور منافع بخش بنایا جا سکے۔
وزیر دفاع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ذاتی طور پر اس عمل کی نگرانی کی اور رپورٹس لیتے رہے۔ اب قومی ایئر لائن کو نئے طیارے، بہتر روٹس اور جدید نظام دیا جائے گا تاکہ اوورسیز پاکستانی سہولت سے وطن واپس آ سکیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پابندی کے باعث پی آئی اے اوورسیز پاکستانیوں کی میتیں مفت وطن منتقل نہیں کر سکی، جس پر لوگوں کو ہزاروں ڈالر خرچ کرنا پڑے اور بعض کو برطانیہ میں ہی تدفین کرنی پڑی۔
خواجہ آصف نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ایئر بلیو کو بھی برطانیہ میں آپریشن کی اجازت مل گئی ہے، اور پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اب یورپی اداروں کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر سعد رفیق اور سی اے اے کو اس کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔