ارشد ندیم کا انکشاف: وعدے صرف دعوے نکلے، پلاٹ اور انعامات اب تک صرف باتوں تک محدود

کھیل - 16 جولائی 2025
اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم، جنہوں نے نیزہ بازی میں پاکستان کو 30 سال بعد عالمی سطح پر ایک نئی شناخت دلائی، نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی جیت کے بعد کیے گئے بیشتر وعدے محض زبانی دعوے ثابت ہوئے۔
اپنی تاریخی کامیابی کے بعد ارشد ندیم کے لیے مختلف سرکاری اور نجی اداروں کی جانب سے کروڑوں روپے نقد، پلاٹ اور دیگر انعامات کا اعلان کیا گیا تھا۔ متعدد ہاؤسنگ سوسائٹیز نے مفت پلاٹس دینے کے دعوے کیے، اور کئی معروف شخصیات نے مالی انعامات دینے کا وعدہ کیا۔
تاہم حالیہ دورۂ لندن کے دوران جب ان سے وعدوں کی تکمیل کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ حقیقت بہت تلخ ہے۔ ان کا کہنا تھا، "اب تک صرف چند افراد کی طرف سے دیے گئے کیش انعامات ہی مجھے ملے ہیں، باقی سب وعدے، خاص طور پر پلاٹوں والے، محض نمائشی ثابت ہوئے۔"
دوسری جانب ارشد ندیم انگلینڈ میں انجری کے علاج کے لیے موجود ہیں، جہاں کیمبرج میں معروف ماہر ڈاکٹر علی باجوہ نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ڈاکٹر کے مطابق ارشد ندیم کو مکمل صحت یابی میں وقت لگے گا تاہم امید ہے کہ وہ جلد دوبارہ میدان میں اتریں گے۔