عمران خان کے بیٹوں کی والد کی رہائی کے لیے عالمی مہم، امریکا میں رچرڈ گرینل اور ڈاکٹر آصف محمود سے ملاقات

دنیا - 23 جولائی 2025
پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں، سلیمان خان اور قاسم خان، نے امریکا میں اپنے والد کی رہائی کے لیے بین الاقوامی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی برائے سفارتی امور، رچرڈ گرینل، سے ملاقات کی اور اپنے والد کے خلاف مبینہ سیاسی انتقام کے مقدمات پر تشویش کا اظہار کیا۔
ملاقات کے بعد رچرڈ گرینل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سلیمان اور قاسم سے کیلیفورنیا میں ملاقات کی، انہیں حوصلہ دیا اور یقین دلایا کہ وہ تنہا نہیں ہیں۔ گرینل نے کہا کہ دنیا بھر میں لوگ سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات سے تنگ آ چکے ہیں۔
عمران خان کے بیٹے پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر آصف محمود سے بھی ملے، جو امریکا میں پی ٹی آئی کی حمایت کے لیے سرگرم ہیں۔ ڈاکٹر آصف، جو امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی کے نائب چیئرمین ہیں، نے سلیمان، قاسم اور گرینل کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دونوں نوجوانوں پر فخر محسوس کرتے ہیں، جو انصاف کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، اور عمران خان کی رہائی کے لیے عالمی اتحاد پر زور دیا۔
یاد رہے کہ علیمہ خان نے چند دن قبل انکشاف کیا تھا کہ عمران خان کے بیٹے پہلے امریکا میں والد کے لیے آواز بلند کریں گے اور بعد میں پاکستان آ کر مہم کا حصہ بنیں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر مملکت برائے قانون، بیرسٹر عقیل ملک نے واضح کیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 16 کے تحت پرامن اجتماع کا حق صرف پاکستانی شہریوں کو حاصل ہے، غیر ملکیوں کو سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیٹے برطانوی شہری ہیں، اگر وہ ویزا کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو ان کا ویزا منسوخ ہو سکتا ہے۔
سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ دونوں بھائیوں کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی سرگرمیوں کی اجازت ہونی چاہیے۔