اسلام آباد میں موسلادھار بارش: نالوں میں طغیانی، متعدد علاقے زیرِ آب، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خدشہ

news-banner

تازہ ترین - 06 اگست 2025

اسلام آباد میں شدید بارش کے باعث مارگلہ کی پہاڑیوں سے آنے والے پانی نے نالوں میں طغیانی پیدا کر دی، جس سے بھارہ کہو، چک شہزاد اور نیو چھٹہ بختاور سمیت کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، جس سے مقامی افراد کی آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

 

بارش کے باعث متعدد گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں، جبکہ 6 سے 7 نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے والا ہے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خطرہ ہے۔

 

مظفرآباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ ادھر، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔

 

کراچی میں آج بھی مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا اور ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔

 

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے چناب اور جہلم میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے، جبکہ دریائے سندھ کے گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔