شارجہ میں پاکستان-افغانستان میچز سے قبل سیکیورٹی ہائی الرٹ، شائقین کے لیے الگ نشستوں کا انتظام

news-banner

کھیل - 06 اگست 2025

 

شارجہ حکام نے رواں ماہ کے اختتام پر شروع ہونے والی سہ فریقی ٹی20 کرکٹ سیریز کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے خصوصی سیکیورٹی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ اس سیریز میں پاکستان، افغانستان اور میزبان متحدہ عرب امارات شامل ہیں، جو 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

 

ماضی میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے میچز میں تماشائیوں کے درمیان تصادم اور کشیدگی کے واقعات دیکھنے میں آئے تھے، جس کے پیش نظر اس بار سخت سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔

 

شارجہ اسٹیڈیم میں پاکستانی اور افغان شائقین کے لیے علیحدہ اسٹینڈز اور انٹری پوائنٹس مختص کیے گئے ہیں تاکہ دونوں فریقین کے درمیان براہ راست رابطے سے گریز کیا جا سکے۔

 

منتظمین نے تصدیق کی ہے کہ ٹکٹوں کی فروخت قومیت کی بنیاد پر کی جائے گی، اور شائقین کو مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں گی۔ 16 ہزار تماشائیوں کی گنجائش کے ساتھ اسٹیڈیم میں بڑی تعداد میں شائقین کی آمد متوقع ہے، جس کے لیے مکمل تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

 

یہ سہ فریقی سیریز دراصل پاکستان اور افغانستان کے درمیان طے شدہ دو طرفہ سیریز کو توسیع دے کر ترتیب دی گئی ہے، تاکہ ایشیا کپ 2025 سے قبل تمام ٹیموں کو بہتر تیاری کا موقع مل سکے۔

 

سیریز کا افتتاحی میچ 29 اگست کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان شام 7 بجے ہوگا۔ ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف دو دو میچز کھیلے گی، اور ٹاپ دو ٹیمیں 7 ستمبر کو فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔

 

اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان 7 ٹی20 میچز ہو چکے ہیں، جن میں پاکستان نے 4 اور افغانستان نے 3 فتوحات حاصل کی ہیں۔