یوسف رضا گیلانی سے نیپالی سفیر کی ملاقات، تعلقات مزید وسعت دینے پر اتفاق

news-banner

پاکستان - 23 جولائی 2025

اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے نیپال کی سفیر ریتا دھیتال نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے اہم امور، دوطرفہ روابط، تجارتی تعاون، تعلیمی شراکت اور مذہبی سیاحت کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان نیپال کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی اور سفارتی سطح پر روابط کو فروغ دے کر خطے میں استحکام، ترقی اور تعاون کو تقویت دی جا سکتی ہے۔

 

یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ پاکستان نے نیپالی افواج کے لیے 101 مفت تربیتی نشستیں فراہم کی ہیں، جب کہ مالی سال 2024-25 کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 6.47 ملین ڈالر رہا — جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ہر سال نیپال کے 25 طلبہ کو وظائف فراہم کرتا ہے، جو دونوں ملکوں کے تعلیمی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دے رہا ہے۔

 

چیئرمین سینیٹ نے بدھ مت کے تاریخی مقامات، جیسے ٹیکسلا اور لمبنی، کو مذہبی سیاحت کے ذریعے عوامی سطح پر روابط بڑھانے کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیپالی شہری پاکستان میں موجود بدھ مت ورثے سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

 

انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور نیپال کے مابین مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

 

آخر میں چیئرمین سینیٹ نے سارک کو دوبارہ فعال کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ بطور چیئر، نیپال سارک کو متحرک کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ ملاقات کے اختتام پر انہوں نے سفیر ریتا دھیتال کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔