وزیراعظم شہباز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، باہمی تعاون پر اطمینان کا اظہار

دنیا - 23 جولائی 2025
اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں پاک-برطانیہ تعلقات، سفارتی روابط، اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعظم نے برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم اور وزیراعظم کیئر سٹارمر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سال کے اختتام پر برطانوی قیادت سے ملاقات کے منتظر ہیں۔
انہوں نے پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور اسے برطانوی پاکستانی کمیونٹی کے لیے سہولت اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط میں اضافے کا ذریعہ قرار دیا۔ اس ضمن میں انہوں نے ہائی کمشنر کے مثبت کردار کو خصوصی طور پر سراہا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعاون کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ حالیہ تجارتی مذاکرات دو طرفہ اقتصادی شراکت کو مزید فروغ دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں برطانیہ کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہے، جہاں اس وقت کونسل کی صدارت پاکستان کے پاس ہے۔
ملاقات کے دوران جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے برطانیہ کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب امور پر بامعنی اور سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر نے وزیراعظم کو لندن میں اپنی حالیہ ملاقاتوں سے آگاہ کیا، جہاں انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف مشاورت کی۔
انہوں نے وزیراعظم کی قیادت اور اقتصادی پالیسیوں کو سراہا اور کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا جا رہا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر برطانوی ہائی کمشنر نے جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں برطانیہ کے مؤقف سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔