"آپریشن سندور" کی ناکامی کے بعد بھارت کا نیا منصوبہ "آپریشن مہادیو" بے نقاب

دنیا - 28 جولائی 2025
سکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے "آپریشن سندور" کی ذلت آمیز ناکامی کے بعد اپنی خفت مٹانے اور مقبوضہ کشمیر میں تحریکِ آزادی کو دبانے کے لیے ایک اور جعلی فوجی منصوبہ "آپریشن مہادیو" کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت بھارتی فوج غیر قانونی طور پر قید پاکستانیوں کو فیک انکاؤنٹرز میں شہید کر کے ان پر دہشت گردی کے الزامات تھوپ رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان افراد کی ویڈیوز، لاشوں کی تصاویر اور پلانٹڈ ہتھیار بھارتی میڈیا کو پہلے سے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ بھارت میں اس منصوبے کو ایک بڑی "دہشت گردی کے خلاف کامیابی" کے طور پر پیش کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ 24 اپریل کو بھی بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کے دو شہریوں محمد فاروق اور محمد دین کو لائن آف کنٹرول غلطی سے عبور کرنے پر بےدردی سے قتل کر دیا تھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر پہلے ہی اپنی پریس کانفرنسز میں بھارتی جیلوں میں قید 723 پاکستانیوں کی تفصیلات بتا چکے ہیں، جن میں سے 56 افراد کو بھارتی ایجنسیاں غیر قانونی اور جبری طور پر لاپتہ کر چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان قیدیوں کو "پاکستانی دہشت گرد" ظاہر کر کے ان سے میڈیا پر جھوٹے اعترافات بھی کروائے جا سکتے ہیں، جس کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنا ہے۔
بھارتی فوج کی جانب سے فیک انکاؤنٹرز کی طویل تاریخ ہے اور "آپریشن مہادیو" اسی سلسلے کی ایک نئی کڑی ہے۔ پہلگام فالز فلیگ آپریشن اور "آپریشن سندور" میں شکست کے بعد بھارت ایک بار پھر بوکھلاہٹ کا شکار نظر آ رہا ہے۔