چکوال میں بارش و سیلاب سے شدید تباہی، ضلعی انتظامیہ نے 3.77 ارب روپے فنڈز مانگ لیے

news-banner

پاکستان - 01 اگست 2025

چکوال کی ضلعی انتظامیہ نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ تیار کر لی ہے، جس میں متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے 3 ارب 77 کروڑ 43 لاکھ روپے کے فنڈز کی سفارش کی گئی ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق عام شہریوں کے مکانات کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لیے 14 کروڑ 79 لاکھ 3 ہزار روپے درکار ہیں۔ سیلاب سے ہائی وے کی 60، سمال ڈیمز کی 18، اور لوکل گورنمنٹ کی 30 ترقیاتی اسکیمیں متاثر ہوئیں۔

 

تعلیمی اداروں میں 6 کالجز، 73 اسکولز، 10 بنیادی مراکز صحت، ضلع کونسل کی 14 اور چار میونسپل کمیٹیوں کی 16 اسکیمیں متاثر ہوئیں۔ مجموعی طور پر ضلع بھر میں 2,973 گھر متاثر ہوئے، جن میں سے 136 مکمل تباہ جبکہ 2,837 کو جزوی نقصان پہنچا۔

 

مزید یہ کہ 173 دیہات شدید متاثر ہوئے، جن میں تحصیل چکوال کے 114، چوآسیدن شاہ کے 37، کلرکہار کے 16، اور تلہ گنگ کے 6 دیہات شامل ہیں۔

 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے، جن کے لواحقین کو مجموعی طور پر 1 کروڑ 15 لاکھ روپے کی مالی امداد دی گئی۔

 

کسانوں کے 110 مویشی ہلاک یا متاثر ہوئے جن کا تخمینہ شدہ نقصان 47 لاکھ 35 ہزار روپے ہے۔


ضلعی انتظامیہ نے اس رپورٹ کے ہمراہ پی ڈی ایم اے اور حکومت پنجاب کو فنڈز کی فراہمی کے لیے باضابطہ مراسلہ بھی ارسال کر دیا ہے۔