پاکستان کی ایران کے پُرامن جوہری پروگرام کی حمایت، دو طرفہ تعلقات میں نیا باب

news-banner

دنیا - 03 اگست 2025

اسلام آباد – وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے پہلے سرکاری دورۂ پاکستان کے موقع پر مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان، ایران کے پُرامن جوہری پروگرام کی مکمل حمایت کرتا ہے اور ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کرتا ہے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور برے وقت میں ساتھ دینے والا ہی اصل دوست ہوتا ہے۔ دونوں ممالک دہشت گردی کے خلاف یکساں موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان اور ایران 10 ارب ڈالر کی باہمی تجارت کا ہدف حاصل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے۔

 

وزیراعظم اور ایرانی صدر کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، مذہبی و ثقافتی روابط اور علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کئی اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوچکے ہیں، جنہیں جلد معاہدوں کی شکل دی جائے گی۔

 

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک کے ساتھ کھڑا ہے۔

 

ایرانی صدر نے اتحادِ امت پر زور دیتے ہوئے پاکستانی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری ہمارے لیے بھی رہنمائی کا ذریعہ ہے اور پاکستان سے تعلقات ایرانی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہیں۔