ہالی ووڈ پروڈیوسر چارلس ڈوبارا کی عارف لوہار کی تعریف، مداحوں کو لندن ایونٹ میں شرکت کی دعوت

انٹرٹینمنٹ - 03 اگست 2025
لندن – معروف ہالی ووڈ فلم پروڈیوسر چارلس ڈوبارا نے پاکستانی فوک گلوکار عارف لوہار کی فنکارانہ صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں سراہا ہے اور مداحوں کو 17 اگست، بروز اتوار لندن میں ہونے والے ایک خصوصی ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں چارلس ڈوبارا نے عارف لوہار کے فنی سفر اور ان کے والد، پنجابی فوک موسیقی کے بانی عالم لوہار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "عارف کی کہانی بے حد متاثر کن ہے، یہ فن نسل در نسل منتقل ہوا ہے۔"
ویڈیو کا ایک جذباتی لمحہ اس وقت آیا جب ڈوبارا نے عارف لوہار سے کہا، "فکر نہ کرو، بس گاؤ، باقی سب میں سنبھال لوں گا، تمہیں صرف آہ کہنا ہے۔" اس جملے نے مداحوں کے دلوں کو چھو لیا۔
ڈوبارا نے اپنی پوسٹ میں عارف لوہار کی عاجزی، ہمدردی اور گرمجوش طبیعت کی بھی بھرپور تعریف کی، اور مداحوں سے درخواست کی کہ وہ لندن میں ہونے والی اس یادگار موسیقی کی شام کا حصہ بنیں۔