اسلام آباد میں ایرانی صدر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

news-banner

دنیا - 03 اگست 2025

اسلام آباد – نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے مابین تاریخی، برادرانہ اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

 

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، اس ملاقات میں اسحاق ڈار نے پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ تاریخ، ثقافتی ربط، مذہبی ہم آہنگی اور اعتماد پر مبنی تعلقات کو سراہا اور مختلف شعبوں، بالخصوص اقتصادی اور تجارتی میدان میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔

 

ایرانی صدر نے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے سیاسی اور معاشی روابط کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

 

نائب وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ "پاکستان اپنے برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ کھڑا ہے، ہم اقتصادی، تجارتی اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے، تاکہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان مزید قربت پیدا ہو۔"

 

مزید براں، وزیراعظم ہاؤس میں ایرانی صدر کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جائے گا، جہاں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان باضابطہ ملاقاتیں اور تفصیلی بات چیت بھی ہوگی۔