شبر زیدی کی عمران خان کی ازدواجی زندگی پر تنقید، قیادت پر سوالات اٹھا دیے

پاکستان - 03 اگست 2025
اسلام آباد – سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ذاتی زندگی پر سخت تنقید کی ہے، بالخصوص ان کی دوسری اور تیسری شادی کے فیصلوں پر۔
شبر زیدی نے کہا کہ "جو شخص ریحام خان اور بشریٰ بی بی سے شادی کا انتخاب کرے، وہ ان کی نظر میں قیادت کے معیار پر پورا نہیں اترتا۔" ان کا کہنا تھا کہ ایسے فیصلے کرنے والے شخص سے فاصلہ رکھنا ہی بہتر ہے، کیونکہ وہ غیر متوقع اقدامات کا اہل ہو سکتا ہے۔
اگرچہ شبر زیدی نے عمران خان کو کرپٹ قرار دینے سے انکار کیا، انہوں نے ان کی شخصیت کو "بدتمیز، بے وقوف، گدھا اور پاگل" جیسے الفاظ سے یاد کیا، تاہم واضح کیا کہ "عمران خان قاتل نہیں ہیں، نہ ہی ان پر کسی کو مروانے کا الزام لگایا جا سکتا ہے۔"
یاد رہے کہ شبر زیدی پی ٹی آئی حکومت کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین رہ چکے ہیں اور اپنے بے باک بیانات اور انٹرویوز کے حوالے سے مشہور ہیں۔
عمران خان نے 1995 میں جمائما گولڈ اسمتھ سے پہلی شادی کی تھی، جن سے ان کے دو بیٹے ہیں۔ ان کی دوسری شادی 2014 میں ریحام خان سے ہوئی جو ایک سال بعد ختم ہو گئی، جبکہ تیسری شادی 2018 میں بشریٰ بی بی سے ہوئی۔