گنے کے پھوک سے بجلی کی پیداوار: شوگر ملز کے لیے قیمت مقامی کوئلے کے برابر مقرر

کاروبار - 04 اگست 2025
حکومت نے گنے کے پھوک (بیگاس) سے بجلی بنانے والے پاور پلانٹس کے لیے بیگاس کی قیمت میں اضافہ کرتے ہوئے اسے مقامی کوئلے کے مساوی قرار دے دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بایو انرجی کی پیداواری لاگت کو کوئلے سے پیدا ہونے والی توانائی کے برابر لانا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق، گزشتہ تین برسوں کے دوران بیگاس کی قیمت میں غیر ضروری اور بے وجہ اضافہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں بجلی کی پیداواری لاگت 5.97 روپے فی یونٹ سے بڑھ کر 11.77 روپے فی یونٹ تک پہنچ گئی۔
تاہم، جون 2025 میں حکام نے بیگاس سے بجلی بنانے کی لاگت کو کچھ کم کرتے ہوئے 9.87 روپے فی یونٹ مقرر کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بیگاس میں بھی اتنی ہی حرارتی توانائی (Heating Value) موجود ہے جتنی مقامی کوئلے میں ہوتی ہے، لہٰذا قیمت کو برابری کی سطح پر لایا گیا ہے۔ اس وقت مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار کی لاگت 11.45 روپے فی یونٹ ہے۔