مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی ناقابلِ قبول، اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرایا جائے، پاکستان کا عالمی برادری سے مطالبہ

دنیا - 04 اگست 2025
اسلام آباد: دفتر خارجہ پاکستان نے مسجد اقصیٰ کی حالیہ بے حرمتی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کو ہوا دینے کی خطرناک سازش قرار دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی وزراء، سرکاری اہلکاروں، کنیسٹ کے ارکان اور آبادکاروں کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور اشتعال انگیز کارروائیاں قابلِ مذمت ہیں۔
ترجمان کے مطابق اسرائیلی حکام کی موجودگی میں "ٹیمپل ماؤنٹ ہمارا ہے" جیسے اشتعال انگیز اور نفرت انگیز نعرے لگائے گئے، جو بین الاقوامی مذہبی ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کے ساتھ ساتھ مسجد اقصیٰ کی تاریخی حیثیت کو تبدیل کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیوں اور مسلسل جارحیت نے خطے میں امن و استحکام کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ پاکستان عالمی برادری، اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیل کو ان غیر قانونی اور غیر انسانی اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ اقدامات نہ صرف اقوام متحدہ کے چارٹر بلکہ عالمی انسانی قوانین اور متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے مذہبی تقدس کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔
آخر میں پاکستان نے اپنے دیرینہ مؤقف کا اعادہ کیا کہ مسئلہ فلسطین کا مستقل حل صرف ایک آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام سے ممکن ہے، جو 1967 سے قبل کی سرحدوں پر قائم ہو اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔