وزیراعظم شہباز شریف کا گلگت کا ایک روزہ دورہ، بارش و سیلاب متاثرین سے ملاقات اور امداد کا اعلان

دنیا - 04 اگست 2025
وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر گلگت پہنچ گئے۔ ان کے ہمراہ اہم وفاقی وزراء اور مشیران بھی موجود تھے، جن میں وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ اور وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر شبیر عثمانی شامل ہیں۔
ایئرپورٹ پر گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ، وزیر اعلیٰ گلبر خان، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس اور فورس کمانڈر نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیں گے، متاثرین سے ملاقات کریں گے اور امدادی رقوم تقسیم کریں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں حالیہ نقصانات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی، جبکہ وہ گورنر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے علیحدہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔