درفشاں سلیم نے بلال عباس سے نکاح کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی

انٹرٹینمنٹ - 04 اگست 2025
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ درفشاں سلیم نے ساتھی اداکار بلال عباس کے ساتھ مبینہ رشتے اور نکاح سے متعلق زیرگردش افواہوں پر بالآخر اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے۔
حالیہ انٹرویو میں انہوں نے مختلف موضوعات پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ کسی رومانوی ڈرامے میں کام کرتے وقت اپنے ساتھی اداکار کے ساتھ ذہنی ہم آہنگی ضروری ہوتی ہے، تاکہ کیمرے کے سامنے کیمسٹری جاندار نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ بلال عباس کے ساتھ ان کا تعلق اسی بنیاد پر تھا جس کی وجہ سے ان کی جوڑی کو آغاز سے ہی ناظرین نے پسند کیا۔
ایک سوال کے جواب میں کہ جب لوگوں نے ان کی جوڑی کو اتنا پسند کیا کہ شادی کی افواہیں پھیل گئیں، درفشاں نے کہا کہ انہوں نے ایسی باتوں کو سنجیدہ نہیں لیا۔ ان کے مطابق شادی جیسے معاملات انتہائی نجی ہوتے ہیں، اور جب کوئی قدم اٹھایا جاتا ہے تو لوگ تصاویر شیئر کر کے خود ہی سب کو بتا دیتے ہیں، تو پھر کوئی کیوں لمبے عرصے تک ایسی بات خفیہ رکھے گا؟
انہوں نے واضح کیا کہ ان کے والد نے سکھایا ہے کہ ذاتی زندگی کو نجی رکھنا چاہیے، اور وہ اسی اصول پر عمل پیرا ہیں۔ تاہم نجی رکھنے اور خفیہ رکھنے میں فرق ہوتا ہے، اور وہ اس فرق کو سمجھتے ہوئے اپنی زندگی کے معاملات کو سنبھالتی ہیں۔
واضح رہے کہ درفشاں سلیم اور بلال عباس کی ڈرامہ سیریل عشق مرشد میں جوڑی کو بےحد سراہا گیا، جس کے بعد ان کے خفیہ نکاح کی خبریں سامنے آنے لگیں۔