پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کا 5 اگست کو عمران خان کی رہائی کے لیے بھرپور احتجاج، ضلعی سطح پر مظاہروں کا شیڈول جاری

پاکستان - 04 اگست 2025
پشاور: پاکستان تحریکِ انصاف خیبرپختونخوا نے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے مطالبے پر 5 اگست بروز پیر بھرپور احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی ترجمان کے مطابق، عمران خان کی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جن کا آغاز سہ پہر 4 بجے ہوگا۔
پی ٹی آئی پشاور ریجن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق، پشاور، نوشہرہ، صوابی، چارسدہ، مردان، مالاکنڈ اور دیگر اضلاع میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے، جن کی قیادت مقامی قیادت اور منتخب نمائندے کریں گے۔
صوابی موٹروے انٹرچینج پر مرکزی مظاہرہ
صوابی، مردان اور چارسدہ کے کارکنان سہ پہر 3:30 بجے صوابی موٹروے انٹرچینج پر جمع ہوں گے۔ اس احتجاج میں اسد قیصر، عاطف خان اور شہرام ترکئی سمیت دیگر رہنما شریک ہوں گے۔ اگرچہ موٹروے بند کرنے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا، تاہم اسلام آباد جانے والی ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔
پشاور میں احتجاجی ریلی
پشاور اور ضلع خیبر کے کارکنان رنگ روڈ پر واقع حیات آباد ٹول پلازہ پر جمع ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں ریلی کا آغاز ہو گا جو جی ٹی روڈ فردوس چوک تک جائے گی۔ ریلی کے دوران قائدین خطاب کریں گے۔
نوشہرہ، چکدرہ اور دیگر اضلاع میں بھی مظاہرے
نوشہرہ میں احتجاج جی ٹی روڈ خیرآباد پر ہو گا، جبکہ مالاکنڈ ڈویژن کے کارکنان چکدرہ پل چوک پر جمع ہوں گے، جہاں صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا جنید اکبر خان قیادت کریں گے۔ بٹ خیلہ، سوات، درگئی اور دیگر علاقوں سے کارکنان کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
پارٹی کے مطابق ہزارہ ڈویژن اور جنوبی اضلاع سمیت صوبے کے تمام علاقوں میں پرامن احتجاج ہوگا، اور کارکنان کو نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔