فواد خان کی بالی ووڈ فلم ’عبیر گلال‘ کی نئی ریلیز تاریخ کا اعلان

انٹرٹینمنٹ - 11 اگست 2025
پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کی بالی ووڈ فلم عبیر گلال، جو پہلگام حملے کے بعد غیر معینہ مدت کے لیے مؤخر کر دی گئی تھی، اب نئی ریلیز تاریخ کے ساتھ دوبارہ منظر عام پر آ گئی ہے۔ یہ فلم اصل میں 9 مئی کو ریلیز ہونی تھی، لیکن 22 اپریل کے واقعے کے بعد اس کی نمائش روک دی گئی تھی اور خدشہ تھا کہ شاید یہ پروجیکٹ سینما گھروں تک نہ پہنچ پائے۔
رپورٹس کے مطابق، فلم کو اب Abeer Gulal کے نام سے 29 اگست کو دنیا بھر کے تھیٹرز میں ریلیز کیا جائے گا۔ تاہم، فلمی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی مارکیٹ میں پاکستانی فنکاروں کے خلاف جاری مخالفت کے باعث اس کی بھارت میں باضابطہ ریلیز کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ فلم کے پروڈیوسرز وہی حکمت عملی اپنا رہے ہیں جو پہلے سردار جی 3 کے لیے اپنائی گئی تھی، جس میں دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر شامل تھے اور بھارت میں نمائش نہ ہونے کے باوجود فلم نے بیرونِ ملک زبردست بزنس کیا۔ اسی طرز پر چل میرا پُت 4 بھی بھارت سے باہر ریلیز ہو کر کامیاب رہی۔
پہلگام حملے سے پہلے عبیر گلال کی تشہیری مہم زور و شور سے جاری تھی، اور اس کا میوزک لانچ 19 اپریل کو دبئی کے گلوبل ولیج میں کیا گیا تھا، جسے شاندار پذیرائی ملی تھی۔ تاہم، حملے کے بعد سارےگاما نے فلم کے گانے اور ٹیزر یوٹیوب اور انسٹاگرام سے ہٹا دیے تھے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ 29 اگست کو عالمی سطح پر ریلیز کے بعد یہ فلم کس حد تک کامیابی حاصل کر پاتی ہے۔