عامر خان کے خاندان کا فیصل خان کے الزامات پر ردعمل

انٹرٹینمنٹ - 11 اگست 2025
بالی ووڈ اداکار عامر خان کے خاندان نے فیصل خان کی جانب سے والدہ اور دیگر اہل خانہ کے بارے میں دیے گئے حالیہ بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
فیصل خان نے ایک حالیہ انٹرویو میں الزام لگایا کہ ان کے خاندان، خاص طور پر عامر خان، نے ان کے ساتھ برسوں تک ناروا سلوک کیا۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے عامر خان کے قریبی رشتہ داروں — جن میں رینا دتہ، جنید خان، ایرا خان، کرن راؤ، منصور خان، نزہت خان، عمران خان اور دیگر شامل ہیں — نے مشترکہ بیان جاری کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ فیصل کی جانب سے والدہ زینت طاہر حسین، بہن نکہت ہیگڑے اور بھائی عامر کے بارے میں گمراہ کن اور تکلیف دہ تصویر کشی سے وہ دل گرفتہ ہیں۔ خاندان کے مطابق، فیصل سے متعلق ہر فیصلہ اجتماعی طور پر اور ماہرینِ نفسیات و ڈاکٹروں کی مشاورت کے بعد صرف ان کی ذہنی اور جذباتی بہتری کے لیے کیا گیا۔
اہل خانہ نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ اس نجی معاملے کو غیر ضروری سنسنی خیز اور اشتعال انگیز رنگ نہ دے۔
واضح رہے کہ فیصل خان نے انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ خاندان نے ان پر شیزوفرینیا کا الزام لگایا اور ایک سال سے زیادہ عرصے تک انہیں ممبئی کے گھر میں قید رکھا۔ فیصل کا کہنا تھا کہ بعد میں وہ دوسری رہائش میں منتقل ہو گئے۔ ماضی میں دونوں بھائیوں کے درمیان تعلقات کشیدہ رہے اور قانونی تنازع بھی سامنے آیا تھا۔ فیصل کا کہنا ہے کہ انہوں نے جے جے اسپتال میں 20 دن کے معائنے کے بعد اپنی ذہنی صحت درست ثابت کر لی تھی۔