بشریٰ انصاری کے ساڑھی اور موزے والے بیان پر سوشل میڈیا پر تنقید

انٹرٹینمنٹ - 12 اگست 2025
پاکستانی شوبز کی معروف سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کو حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں دیے گئے دلچسپ مگر متنازع بیان کے بعد سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا ہے۔
اپنی بہن اسماء عباس کے ساتھ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ماضی میں انہوں نے میڈم نورجہاں کی بیٹی سے ان کی والدہ کی ساڑھی مانگی تھی جو بعد میں تحفے میں دے دی گئی۔ ایک ساڑھی پر مٹی لگی تھی، جسے انہوں نے سنبھال کر پلاسٹک میں پیک کر کے محفوظ رکھا۔
بات کے دوران انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ کاش انہیں بھارتی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر کی کوئی ساڑھی بھی مل جاتی، چاہے وہ کسی عام کام میں استعمال ہوئی ہو، مگر ان کے انتقال کے بعد یہ ممکن نہ رہا۔ مذاق میں انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہ ہو تو کم از کم امیتابھ بچن کا ایک موزہ ہی یادگار کے طور پر مل جائے اور اس کے ساتھ تصویر لی جا سکے۔
یہ بیان سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔ کچھ کا کہنا تھا کہ بشریٰ انصاری خود ایک لیجنڈ ہیں اور ایسی باتیں ان کے شایانِ شان نہیں، جبکہ دیگر نے سوال اٹھایا کہ ایک مسلمان فنکارہ غیر مسلم شخصیات کو رول ماڈل کیوں بنا رہی ہیں۔