اورکا وہیل کے حملے کی وائرل ویڈیو جعلی، ماہرین نے حقیقت واضح کر دی

انٹرٹینمنٹ - 14 اگست 2025
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ سمندری ٹرینر ’’جیسیکا ریڈکلف‘‘ کو شو کے دوران ایک اورکا وہیل نے ہلاک کر دیا۔ ویڈیو میں ایک خاتون کو وہیل کی پشت پر رقص کرتے اور پھر اچانک پانی میں کھینچے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
تاہم حقائق جانچنے والے ماہرین نے اس ویڈیو کو مکمل طور پر مصنوعی ذہانت (AI) کی تخلیق قرار دیا ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ نہ تو ’’جیسیکا ریڈکلف‘‘ نامی کوئی ٹرینر موجود ہے اور نہ ہی ایسا کوئی واقعہ کسی میرین پارک میں پیش آیا۔
ماہرین کے مطابق ویڈیو میں دکھائے گئے مناظر، آواز اور حتیٰ کہ پارک کا نام بھی جعلی ہے۔ اس قسم کے گمراہ کن مواد کو ماضی کے حقیقی حادثات سے مشابہ بنا کر پیش کیا جاتا ہے تاکہ لوگ آسانی سے اسے سچ مان لیں۔
انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر نظر آنے والی کسی بھی ویڈیو پر یقین کرنے سے پہلے معتبر ذرائع سے اس کی تصدیق لازمی کریں۔