بارشوں اور فلش فلڈ سے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ — پی ڈی ایم اے
موسم - 15 اگست 2025
پی ڈی ایم اے نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارشوں اور فلش فلڈ سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات میں اب تک 43 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 33 مرد، 2 خواتین اور 8 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 2 خواتین اور 1 بچہ شامل ہے۔
بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 30 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 25 جزوی اور 5 مکمل طور پر منہدم ہوئے۔ یہ حادثات سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے۔
باجوڑ اور بٹگرام سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع ہیں جہاں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ موجودہ بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پہلے ہی پیشگی اقدامات کے لیے مراسلہ بھیج دیا تھا۔ تمام متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
مزید ہدایات میں بند شاہراوں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے اور سیاحوں کو موسمی صورتحال سے باخبر رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے، ریسکیو ٹیمیں، ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ایمرجنسی آپریشن سنٹر فعال ہے اور عوام 1700 ہیلپ لائن پر رابطہ کر کے معلومات یا ایمرجنسی کی اطلاع دے سکتے ہیں۔
دیکھیں






