وزیراعظم سے چینی گارمنٹس گروپ چیلنج فیشن کے وفد کی ملاقات، خصوصی اقتصادی زون کا افتتاح
کاروبار - 15 اگست 2025
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چین کے معروف گارمنٹس گروپ "چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹیڈ" کے چیئرمین ہوآنگ وئیگو کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں چین اور پاکستان کی دیرینہ دوستی، اقتصادی تعلقات کے فروغ اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی دنیا میں منفرد مقام رکھتی ہے اور دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے چینی صنعتوں کو پاکستان میں یونٹس قائم کرنے کی دعوت دی اور چیلنج فیشن گروپ کی جانب سے خصوصی اقتصادی زون کے قیام کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم نے اس زون کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی دی۔
بریفنگ کے مطابق یہ خصوصی اقتصادی زون ٹیکنالوجی ٹرانسفر، اسکل ڈویلپمنٹ اور پائیدار صنعتی ترقی میں مددگار ثابت ہوگا۔ پانچ سال میں 100 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری سے 400 ملین ڈالرز کی برآمدات متوقع ہیں۔ چیئرمین چیلنج گروپ نے بتایا کہ 2014 سے اب تک کمپنی پاکستان میں 17 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کر چکی ہے اور اب ایک جدید ٹیکسٹائل انڈسٹری قائم کر رہی ہے۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم نے چیلنج گروپ کے خصوصی اقتصادی زون کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
دیکھیں






