ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

news-banner

تازہ ترین - 16 اگست 2025

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار اور کشمیر میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔

 

شام اور رات کے وقت جنوبی پنجاب، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور گلگت بلتستان میں بارش ہوئی جبکہ کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش دیر لوئر میں 98 ملی میٹر، مالم جبہ میں 76 ملی میٹر، کوٹلی میں 44 ملی میٹر، سیدو شریف اور بالاکوٹ میں 41 ملی میٹر جبکہ اسلام آباد کے سید پور میں 45 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 23 ملی میٹر تک بارش ہوئی۔

 

زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین اور نوکنڈی میں 43 ڈگری، جبکہ سبی اور دادو میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ وادی پوٹھوہار، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے نشیبی علاقے موسلادھار بارش کے باعث زیرآب آسکتے ہیں جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔