’مکمل انٹرویو دیکھیں‘، حمزہ علی عباسی کی عمران خان سے متعلق بیان پر وضاحت

انٹرٹینمنٹ - 18 جون 2025
حمزہ علی عباسی نے چند روز قبل اینکر منصور علی خان کی پوڈکاسٹ میں شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بعض پالیسیوں، دھرنوں، لانگ مارچز اور 9 مئی کے واقعات پر کھل کر تنقید کی تھی۔ انٹرویو کا مخصوص حصہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جس پر انہیں تحریک انصاف کے حامیوں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ حمزہ علی عباسی 2013 سے پی ٹی آئی سے وابستہ رہے اور 2018 میں پارٹی کے کلچرل سیکریٹری بھی تعینات ہوئے، تاہم اسی برس انہوں نے اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور رفتہ رفتہ سیاست سے کنارہ کش ہوگئے۔
انٹرویو میں حمزہ نے کہا تھا کہ سیاست کو حق و باطل کی جنگ بنانا خطرناک ہے اور عمران خان کو تصادم کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پی ٹی آئی حکومت کے کچھ اقدامات درست تھے، لیکن کئی پالیسیاں نقصان دہ ثابت ہوئیں۔
بیان پر ردعمل کے بعد حمزہ علی عباسی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر وضاحتی بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ کچھ سوشل میڈیا آؤٹ لیٹس میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کر رہے ہیں اور یہ تاثر دے رہے ہیں کہ میں نے عمران خان کے خلاف انٹرویو دیا، جو سراسر غلط ہے۔
انہوں نے اپنے مکمل انٹرویو کا لنک بھی شیئر کیا اور مداحوں سے درخواست کی کہ وہ پورا انٹرویو دیکھیں تاکہ ان کے مؤقف کو درست انداز میں سمجھا جا سکے۔