پاکستان اور بنگلہ دیش کا سیاسی، معاشی اور ثقافتی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

دنیا - 16 اگست 2025
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان بنگلہ دیش تعلقات، خطے کی صورتحال اور میڈیا تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطحی دوروں اور ثقافتی تعاون کے ذریعے تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فلم، ڈرامہ اور ڈیجیٹل میڈیا میں اشتراک دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے اور خطے میں مثبت بیانیہ فروغ دینے میں مددگار ہوگا۔
ہائی کمشنر بنگلہ دیش محمد اقبال حسین خان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی دوستی کا تاریخی بندھن ہمیشہ قائم رہے گا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے تعلقات میں مثبت پیشرفت کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔