ایران کو پُرامن جوہری تنصیبات کا حق ہمیشہ حاصل رہے گا، روس کا دو ٹوک مؤقف

دنیا - 18 جون 2025
روسی خبر رساں ادارے ’تاس‘ کے مطابق وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے اسپوتنک ریڈیو سے گفتگو میں مشرق وسطیٰ میں جوہری خطرات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطرہ اب محض مفروضہ نہیں رہا بلکہ ایک عملی حقیقت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں جوہری تنصیبات پر حملے کیے جا رہے ہیں جو نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی سلامتی کے لیے بھی خطرناک ہیں۔
ماریا زاخارووا کا کہنا تھا کہ جوہری تنصیبات پر حملے کشیدگی کو بڑھا رہے ہیں اور اس کے عالمی نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران کا پُرامن جوہری پروگرام عالمی قوانین کے مطابق ہے اور اسے اس سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے 13 جون کو ایران کے خلاف ’آپریشن رائزنگ لائن‘ کے نام سے کارروائی شروع کی تھی جس میں ایرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ ایران نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا۔
روس کی جانب سے یہ گزشتہ 12 گھنٹوں میں خطے کی صورتحال پر دوسرا اہم بیان ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ماسکو اس تنازع پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ایران کے جوہری حقوق کے حق میں مضبوط مؤقف اختیار کر رہا ہے۔