امریکا کی پاک بھارت جنگ بندی پر کڑی نظر، ٹرمپ کا 40 بار ثالثی کا دعویٰ
دنیا - 18 اگست 2025
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے، تاہم جنگ بندی کو قائم رکھنا ہمیشہ مشکل اور پیچیدہ عمل ہوتا ہے۔
ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ امریکا روزانہ مختلف خطوں بشمول پاکستان و بھارت، کمبوڈیا اور تھائی لینڈ میں جاری صورتحال کا جائزہ لیتا ہے تاکہ تنازعات کو قابو میں رکھا جا سکے۔ ان کے مطابق جنگ بندی صرف اسی وقت ممکن ہے جب دونوں فریق لڑائی روکنے پر آمادہ ہوں۔
روبیو نے مزید کہا کہ ہماری حکومت کا مقصد صرف وقتی جنگ بندی نہیں بلکہ ایک پائیدار امن معاہدہ ہے تاکہ مستقبل میں بھی کسی تصادم سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 10 مئی کو دعویٰ کیا تھا کہ واشنگٹن کی ثالثی کے نتیجے میں بھارت اور پاکستان نے طویل مذاکرات کے بعد مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا۔ ٹرمپ نے اس کے بعد تقریباً 40 بار دعویٰ کیا کہ انہوں نے دونوں جوہری ہمسایوں کے درمیان کشیدگی کم کرائی ہے اور ساتھ ہی پیشکش کی کہ اگر تنازع ختم کر دیا جائے تو امریکا ان کے ساتھ بڑے پیمانے پر تجارتی تعلقات قائم کرے گا۔
تاہم بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے واضح طور پر کہا ہے کہ جنگ بندی میں کسی تیسرے فریق کی مداخلت نہیں ہوئی اور نہ ہی اس کا تعلق تجارت سے ہے، جیسا کہ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا۔
دیکھیں






