اٹلی کے شہر باری کے بین الاقوامی تجارتی میلے سے اسرائیل کو باہر کر دیا گیا، غزہ کے بچوں کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی مہم کی حمایت

news-banner

کاروبار - 18 اگست 2025

اٹلی کے شہر باری میں ہونے والے سالانہ بین الاقوامی تجارتی میلے فیئرا دل لیوانتے کے منتظمین نے اسرائیل کو مدعو نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ باری کے میئر ویتو لیکیسے کی اس اپیل کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل کو باری ایکسپو ڈسٹرکٹ میں کسی بھی ادارہ جاتی یا معاشی سرگرمی میں شامل نہ کیا جائے۔

 

ترک خبر رساں ادارے ’اناطولو‘ کے مطابق یہ تجارتی میلہ 13 سے 21 ستمبر تک منعقد ہوگا اور اٹلی کے سب سے بڑے میلوں میں شمار ہوتا ہے۔

 

میلے کے منتظم ادارے نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اقدام ’’اخلاقی اور سیاسی ہم آہنگی‘‘ کے تحت کیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا:"ہم فلسطینی عوام کے خلاف جاری مظالم سے واضح لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں اور غزہ کے بچوں کو 2025 کے نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی مہم کے حامی اور محرک ہیں۔"

 

یہ مہم اٹلی کے شہر لاٹیانو میں قائم ایک فاؤنڈیشن نے شروع کی ہے جس کا مقصد عالمی سطح پر غزہ کے بچوں کو امن اور زندگی کے حق کی علامت کے طور پر پیش کرنا ہے۔

 

میلے کی انتظامیہ کے مطابق یہ تجویز ’’بین الاقوامی برادری کے نام ایک اخلاقی اپیل‘‘ ہے تاکہ دنیا بھر کے ہر بچے کے لیے امن اور زندگی کے حق کو تسلیم کیا جا سکے۔