امریکا نے بھارت کے ساتھ اگست میں ہونے والے تجارتی مذاکرات منسوخ کر دیے
کاروبار - 18 اگست 2025
امریکی مذاکرات کاروں نے بھارت کے ساتھ اگست میں طے شدہ تجارتی مذاکرات منسوخ کر دیے ہیں۔ بھارتی میڈیا ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ مذاکرات 25 سے 29 اگست کو نئی دہلی میں ہونا تھے، تاہم اب ان کے لیے نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
یہ پیشرفت ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جولائی میں بھارت پر 25 فیصد درآمدی محصولات عائد کیے اور روسی تیل کی خریداری پر مزید سخت تجارتی پابندیوں کی دھمکی دی۔ اسی پس منظر میں یہ مذاکرات نہایت اہم تصور کیے جا رہے تھے کیونکہ 27 اگست کے قریب بھارت پر اضافی 25 فیصد ثانوی پابندیاں بھی نافذ ہونے والی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ستمبر تا اکتوبر کے دوران امریکا اور بھارت کے درمیان مجوزہ دوطرفہ تجارتی معاہدے کے پہلے مرحلے کو حتمی شکل دینا اب غیر یقینی ہو چکا ہے۔ بھارتی حکام نے امریکا کو ایک اہم تجارتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات سفارتی، وزارتی اور صنعتی سطح پر جاری ہیں، اور حتمی پیش رفت مقررہ وقت کے قریب واضح ہوگی۔
بھارت نے واشنگٹن کی جانب سے عائد محصولات کو ’’غیر منصفانہ‘‘ اور ’’بلاجواز‘‘ قرار دیا ہے جبکہ روسی تیل کے معاملے پر صرف بھارت کو نشانہ بنانے کو امریکا کا دوہرا معیار کہا ہے۔
دیکھیں






