یو اے ای گولڈن ویزا: غیر ملکیوں کے لیے طویل المدت رہائش کا منفرد موقع
کاروبار - 18 اگست 2025
متحدہ عرب امارات اپنی محفوظ زندگی، کثیرالثقافتی ماحول اور وسیع معاشی مواقع کے باعث دنیا بھر کے غیر ملکیوں کے لیے پرکشش ملک ہے۔ یہاں مختلف اقسام کے ویزے دستیاب ہیں جن میں سب سے نمایاں اور مقبول 10 سالہ گولڈن ویزا ہے۔
یہ ویزا حاملین کو بغیر کسی اسپانسر یا آجر کے یو اے ای میں رہائش، تعلیم اور ملازمت کی اجازت دیتا ہے۔ اس کے ذریعے وہ 6 ماہ سے زائد عرصہ ملک سے باہر بھی گزار سکتے ہیں جبکہ ہر 10 سال بعد اس کی تجدید ممکن ہے۔
گولڈن ویزا مختلف شعبوں کے ماہرین اور پروفیشنلز کے لیے جاری کیا جاتا ہے، جن میں سرمایہ کار، جائیداد کے مالکان، بزنس مین، موجد، فنون اور ثقافت کے ماہرین، سائنسدان، انجینئرز، کھلاڑی، نمایاں طلبا، انسانیت کے خدمتگار اور فرنٹ لائن ہیروز شامل ہیں۔
حالیہ برسوں میں دبئی نے شاندار گیمرز، کانٹینٹ کریئیٹرز اور نمایاں طلبا کے لیے جبکہ راس الخیمہ نے بہترین اساتذہ کے لیے گولڈن ویزا متعارف کرایا ہے۔
پیشہ ور افراد کے لیے دبئی میں کم از کم ماہانہ تنخواہ 30 ہزار درہم مقرر کی گئی ہے جبکہ سرمایہ کاروں کے لیے 2 ملین درہم کی جائیداد یا سرمایہ کاری فنڈ میں سرمایہ کاری لازمی ہے۔ درخواستیں وفاقی ادارہ برائے شناخت و شہریت اور کسٹمز کے ذریعے دی جاتی ہیں۔
گولڈن ویزا حاملین کو کئی سہولیات فراہم کرتا ہے، جن میں خاندان کے افراد کو اسپانسر کرنے کی اجازت، طویل المدت رہائش اور بیرون ملک 6 ماہ سے زائد قیام کی سہولت شامل ہے۔ تاہم، غیر موزوں جاب ٹائٹل، مطلوبہ ڈگری کی کمی یا شرائط پر پورا نہ اترنے کی صورت میں درخواست مسترد ہو سکتی ہے۔
دیکھیں






