سان مامیس میں ایٹلیک بلاؤ کے سنسنی خیز مقابلے میں سیویلا کو شکست

news-banner

کھیل - 18 اگست 2025

 

لا لیگا کے افتتاحی میچ میں اتھلیٹک بلاؤ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سیویلا کو 2-3 سے شکست دے دی۔ اتوار کی شام سان مامیس اسٹیڈیم میں 49,134 شائقین نے یہ دلچسپ کھیل دیکھا۔

پہلا گول 36ویں منٹ میں نیکو ولیمز نے پینلٹی پر اسکور کیا، جو سیویلا کے ڈیفینڈر ہوانلو سانچیز کے فاؤل کے نتیجے میں ملا۔ وقفے سے کچھ لمحے قبل 43ویں منٹ میں ماروان سناڈی نے قریب سے گیند جال میں پہنچا کر برتری دگنی کر دی۔

دوسرے ہاف میں سیویلا نے واپسی کی کوشش کی۔ 60ویں منٹ میں لوکیباکیو نے شاندار گول داغا جبکہ 72ویں منٹ میں لیوسین آگومے نے باکس سے باہر سے نشانہ لگاتے ہوئے میچ برابر کر دیا۔

لیکن بلاؤ نے ہمت نہ ہاری۔ 81ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی رابرٹ ناوارو نے نیکو ولیمز کی شاندار مدد سے گیند کو جال میں پہنچا کر فیصلہ کن برتری دلائی۔

آخری لمحات میں سیویلا نے دباؤ ڈالا اور میچ میں آٹھ منٹ کا اضافہ بھی کیا گیا مگر گول کیپر اوناے سیمون اور دفاع نے برتری کو محفوظ رکھا۔

اتھلیٹک بلاؤ نے کامیابی کے ساتھ سیزن کا آغاز کیا جبکہ سیویلا کو اپنی پہلی ہاف کی کمزوری کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔