پاکستان مون سون کے ساتویں اسپیل کی لپیٹ میں، مزید دو اسپیل متوقع: این ڈی ایم اے
تازہ ترین - 18 اگست 2025
چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا ہے کہ ملک اس وقت مون سون کے ساتویں اسپیل سے گزر رہا ہے جبکہ مزید دو اسپیل ابھی باقی ہیں۔ ان کے مطابق گلیشیئرز تیزی سے پگھلنے کے باعث گلگت بلتستان اور کشمیر کو خطرہ لاحق ہے جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔
کوئٹہ میں وفاقی وزرا مصدق ملک اور عطاء تارڑ کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اب تک 670 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 80 سے 90 افراد لاپتہ ہیں۔ این ڈی ایم اے اور پاک فوج کے تعاون سے ملک بھر میں 400 سے زائد ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں اور امدادی سامان متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ شدید زخمیوں کو آرمی ایوی ایشن اور سی ایم ایچ ہسپتالوں کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ وزیراعظم جلد ہی نقصانات کے ازالے کے لیے نیشنل پیکیج کی منظوری دیں گے۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان دنیا میں کاربن اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم کردار رکھتا ہے مگر بڑے ممالک کی آلودگی کے اثرات ہم بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی بحالی اور متاثرین کی بحالی کے لیے وفاق صوبوں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں موجودہ صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے پیشگی وارننگ سسٹم کے ذریعے صوبوں کو مسلسل ڈیٹا فراہم کر رہا ہے اور قومی سطح پر مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔
دیکھیں






