پنجاب میں مون سون بارشوں کا 11واں اسپیل، سیلاب سے ہلاکتیں 104 تک پہنچ گئیں

news-banner

تازہ ترین - 14 ستمبر 2025

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں کے گیارویں اسپیل کے آغاز پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث صوبے بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 104 تک پہنچ گئی جبکہ لاکھوں افراد براہِ راست متاثر ہوئے ہیں۔ دریائے راوی، چناب اور ستلج کے سیلابی ریلوں نے کئی علاقوں میں تباہی مچائی ہے۔

 

محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ 16 سے 19 ستمبر کے دوران دریاؤں کے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جس سے ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہوسکتی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریاؤں کے کناروں پر جانے اور تفریحی سرگرمیوں سے گریز کریں۔

 

رپورٹ کے مطابق سیلاب سے 45 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد اور 4700 موضع جات متاثر ہوئے ہیں۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے بتایا کہ 25 لاکھ سے زائد افراد اور 20 لاکھ کے قریب مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں 392 ریلیف کیمپس، 493 میڈیکل کیمپس اور 422 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔

 

ادھر منگلا ڈیم 93 فیصد جبکہ تربیلا ڈیم 100 فیصد بھر چکا ہے۔ بھارت میں ستلج پر قائم بھاکڑا ڈیم 88 فیصد، پونگ ڈیم 94 فیصد اور تھین ڈیم 89 فیصد بھرنے کی اطلاع ہے۔

 

حکام کے مطابق اس وقت ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ سیلاب کا دباؤ جنوبی پنجاب کے رحیم یار خان اور ملتان کی طرف بڑھ رہا ہے، جہاں صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔