پاکستان - 14 اکتوبر 2025
اقوام متحدہ میں پاکستان کا بھارت کو دو ٹوک جواب، مودی سرکار کی دہشتگردانہ سرگرمیاں بے نقاب

دنیا - 14 اکتوبر 2025
پاکستان نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں بھارت کے الزامات کا بھرپور اور دو ٹوک جواب دیتے ہوئے مودی سرکار کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا۔
پاکستانی سفارتکار آصف خان نے اپنے مؤقف میں کہا کہ بھارت کالعدم بی ایل اے، ٹی ٹی پی اور مجید بریگیڈ جیسے دہشتگرد گروہوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہر سال اقوام متحدہ میں جھوٹ اور پروپیگنڈے پر مبنی وہی پرانا اسکرپٹ دہراتا ہے۔
آصف خان نے واضح کیا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، اور اس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصوابِ رائے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ مسئلہ کشمیر بھارت نے خود سلامتی کونسل میں اٹھایا تھا مگر اب اپنے وعدوں سے فرار چاہتا ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی منصفانہ، پُرامن اور قانونی جدوجہدِ آزادی کی حمایت جاری رکھے گا۔
آصف خان نے مزید کہا کہ بھارت میں اقلیتوں پر مظالم کی بے شمار عالمی رپورٹس موجود ہیں، اور پاکستان اقوام متحدہ کے فورمز پر بھارت کی منافقت کو بے نقاب کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں پاکستانی شہری بھارت کی حمایت یافتہ دہشتگردی کا نشانہ بن چکے ہیں۔
آخر میں آصف خان نے کہا کہ ’’بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت نہیں، بلکہ سب سے بڑی گمراہ ریاست ہے۔‘‘