انٹرٹینمنٹ - 14 اکتوبر 2025
پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی میں کمی، بابِ دوستی جزوی طور پر کھول دیا گیا

پاکستان - 14 اکتوبر 2025
پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ سرحدی کشیدگی میں کمی کے بعد بلوچستان کے سرحدی ضلع چمن میں واقع بابِ دوستی کو جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے۔
سرحد کھولنے کا مقصد صرف افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل بحال کرنا ہے، جبکہ تجارتی سرگرمیاں اور عام آمدورفت بدستور معطل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر چمن حبیب بنگلزئی کے مطابق سرحد کو تین روز قبل جھڑپوں کے باعث بند کیا گیا تھا، تاہم اب مہاجرین کی واپسی کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سرحدی علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور متعلقہ ادارے رجسٹریشن، اسکریننگ اور سفری سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چمن میں قائم مہاجر کیمپس میں عارضی رہائش، خوراک اور طبی امداد کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ افغان خاندانوں کی واپسی محفوظ اور منظم طریقے سے ممکن ہو سکے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ بابِ دوستی پر تجارت، امیگریشن اور پیدل آمدورفت تاحکمِ ثانی معطل رہے گی، تاہم حالات معمول پر آنے کے بعد تجارتی سرگرمیوں کی جلد بحالی کی کوششیں جاری ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افغان مہاجرین براستہ چمن افغانستان واپس جا چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔
یاد رہے کہ بابِ دوستی کو گزشتہ ہفتے پاکستانی اور افغان سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپوں کے بعد بند کیا گیا تھا، جس سے دوطرفہ تجارت اور ٹرانسپورٹ کا نظام مکمل طور پر رک گیا تھا۔
مقامی تاجروں کے مطابق چمن شہر میں کاروباری سرگرمیاں جزوی طور پر بحال ہو گئی ہیں، تاہم سرحدی بندش کے باعث ہزاروں مزدور اور ٹرانسپورٹ ورکرز بدستور متاثر ہیں۔