ہری پور: خانپور روڈ پر مسافر وین سیلابی ریلے میں پھنس گئی، انتظامیہ غائب

عطاء الرحمان کوہستانی

news-banner

پاکستان - 25 جون 2025

ہری پور میں ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث خانپور روڈ پر ایک مسافر وین سیلابی ریلے میں پھنس گئی، جسے مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت نکالا۔

 

عینی شاہدین کے مطابق بارش کے بعد اچانک پانی کی سطح بلند ہوئی جس کے باعث وین پانی میں گھر گئی۔ ریسکیو ٹیموں کے موقع پر نہ پہنچنے پر علاقے کے رہائشیوں نے خود کارروائی کرتے ہوئے وین کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

 

شدید بارش کے باعث جی ٹی روڈ اور دیگر رابطہ سڑکیں جھیل کا منظر پیش کرنے لگیں، جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ متعدد گاڑیاں سڑکوں پر پھنس گئیں اور کئی علاقوں میں ٹریفک مکمل طور پر بند ہو گیا۔

 

ابھی تک ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی ہنگامی ردِعمل سامنے نہیں آیا، اور نکاسیِ آب کا عمل شروع نہیں کیا گیا۔