ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ: پاکستان کی شاندار کارکردگی، مسلسل پانچویں فتح حاصل

دنیا - 02 جولائی 2025
جنوبی کوریا میں جاری ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپئن شپ 2025ء میں پاکستان گرلز ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل پانچویں کامیابی اپنے نام کر لی۔
تازہ میچ میں پاکستان نے مالدیپ کو 39 کے مقابلے میں 49 گول سے شکست دی۔ اس فتح کے بعد قومی ٹیم گروپ ’بی‘ میں 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست آ گئی ہے۔
پاکستان سیمی فائنل میں جاپان سے مدِ مقابل ہو گا۔ اگر گرین شرٹس یہ میچ جیتنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو نہ صرف فائنل میں رسائی حاصل ہو گی بلکہ عالمی رینکنگ میں بھی بہتری کا امکان روشن ہے۔
چیمپئن شپ میں دو گروپوں میں ٹیمیں تقسیم کی گئی ہیں۔
گروپ اے میں: ملائیشیا، سنگاپور، سری لنکا، ہانگ کانگ اور بھارت
گروپ بی میں: چائنیز تائپے، جاپان، میزبان جنوبی کوریا، پاکستان، مالدیپ اور سعودی عرب شامل ہیں۔
ایشین نیٹ بال فیڈریشن کے زیرِ اہتمام ہونے والی یہ چیمپئن شپ 4 جولائی کو فائنل میچ کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچے گی۔
پاکستانی ٹیم کی مسلسل فتوحات ملک میں خواتین کھیلوں کے فروغ کی عکاس ہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال بھی۔