لوئر دیر: برساتی نالے میں پانی کے باعث پھنسے شخص کو باحفاظت نکال دیا گیا

پاکستان - 25 جون 2025
لوئر دیرکی تحصیل ادینزئی کے علاقے چکدرہ پل کے نیچے واقع برساتی نالے (خوڑ) میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث ایک شخص پھنس گیا، جسے ریسکیو 1122 اور مقامی افراد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت نکال لیا۔
متاثرہ شخص کی شناخت روزی گل ولد کشمالے سکنہ چکدرہ ڈاگ کے طور پر ہوئی ہے، جو نالے کے درمیان پھنس گیا تھا اور فوری مدد کی ضرورت تھی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ادینزئی شہزاد عباسی لیویز فورس کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور ریسکیو کارروائی کی نگرانی کی۔ ریسکیو ٹیم نے مقامی لوگوں کی مدد سے متاثرہ شخص کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شدید بارش اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔