تازہ ترین - 14 اکتوبر 2025
ٹام کروز اور آنا دے آرمس کی "خلائی شادی" کی منصوبہ بندی؟

انٹرٹینمنٹ - 02 اکتوبر 2025
ہالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار ٹام کروز ایک بار پھر خبروں میں ہیں، مگر اس بار کسی فلمی اسٹنٹ کے بجائے اپنی گرل فرینڈ کوبن نژاد اداکارہ آنا دے آرمس کے ساتھ دنیا کی سب سے انوکھی شادی کرنے کے منصوبے کے باعث۔
رپورٹس کے مطابق دونوں ایک ایسی شادی کا اہتمام کرنے کی تیاری کر رہے ہیں جو برسوں تک یاد رکھی جائے۔ ان کے منصوبوں میں خلاء میں شادی کرنے کا امکان بھی شامل ہے، جس سے وہ زمین سے باہر شادی کے بندھن میں بندھنے والے دنیا کے پہلے جوڑے بن جائیں گے۔ ایک اور تجویز یہ بھی ہے کہ وہ اسکائی ڈائیونگ کے دوران فضاء میں ایک دوسرے سے عہد و پیمان کریں۔
قریبی ذرائع کے مطابق "ٹام اور آنا کے رشتے کی سب سے بڑی خاصیت ان کا ایڈونچر اور دلیرانہ رویہ ہے، اسی لیے وہ چاہتے ہیں کہ ان کی شادی بھی اسی جذبے کی عکاسی کرے۔"
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں نے ابھی تک باضابطہ منگنی کا اعلان نہیں کیا، مگر 63 سالہ کروز پہلے ہی اپنی "تاریخی شادی" کے خواب دیکھنے لگے ہیں۔
اس سال دونوں کی دوستی نے تیزی سے رومانس کا روپ دھارا ہے، جبکہ وہ جلد ہی فلم “ڈیپر” میں بھی ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے، جو ایک سپرنیچرل اوشن تھرلر ہے۔
ٹام کروز کی اس سے پہلے تین شادیاں ہوچکی ہیں، جن میں میـمی راجرز، نکول کڈمین اور کیٹی ہومز شامل ہیں۔ تاہم، قریبی دوستوں کے مطابق اس بار وہ پرامید ہیں کہ یہ رشتہ ان کی زندگی کا سب سے پائیدار ثابت ہوگا۔
اگر یہ منفرد منصوبہ حقیقت کا روپ دھار لیتا ہے تو ٹام کروز اور آنا دے آرمس نہ صرف ہالی ووڈ بلکہ دنیا کی تاریخ میں ایک یادگار اور منفرد مقام حاصل کر لیں گے۔