وزیراعظم شہباز شریف اور ملائیشیا کے ہم منصب کا تعلقات اور حلال تجارت کو فروغ دینے کا عزم

news-banner

پاکستان - 06 اکتوبر 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم محمد انور ابراہیم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے، پاکستان کے عوام کی طرف سے ملائیشیا کے والہانہ استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ملائیشیا کو ترقی یافتہ بنانے میں انور ابراہیم کے اہم کردار کو سراہا اور انہیں نمایاں خصوصیات کا حامل شخص قرار دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دوطرفہ تعلقات سے متعلق انور ابراہیم کے دورۂ پاکستان کو بھی "یادگار" قرار دیا۔

 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان مثبت بات چیت ہوئی ہے، اور پاکستان ملائیشیا کے تجربے سے استفادے کے لیے مشترکہ منصوبوں کا خواہاں ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان سے بڑی تعداد میں طلبا ملائیشیا میں زیر تعلیم ہیں۔

 

تجارتی تعلقات کے حوالے سے وزیراعظم نے 20 کروڑ ڈالر مالیت حلال گوشت کی پاکستان سے برآمد کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ حلال گوشت کی تجارت کو وقت کے ساتھ مزید بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے ملائیشیا کے وزیراعظم کی کتاب اسکرپٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب اسلام آباد اور کوالالمپور کے درمیان پُل کا کردار ادا کرے گی۔

 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم ہوئے ہیں، اور ہمارے خطے میں استحکام کے لیے پاک بھارت امن اہم ہے۔

 

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر ملائیشیا میں موجود ہیں۔ وزیراعظم آفس آمد پر ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں ملائیشیا کی مسلح افواج کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ استقبالیہ تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔