صدر آصف علی زرداری نے سندھ-پنجاب کشیدگی ختم کرانے کے لیے وزیر داخلہ محسن نقوی کو طلب کر لیا

news-banner

پاکستان - 06 اکتوبر 2025

سندھ اور پنجاب حکومت کے درمیان جاری لفظی کشیدگی کو ختم کروانے کے لیے صدر مملکت آصف علی زرداری متحرک ہو گئے ہیں۔

 

صدر آصف علی زرداری نے اس معاملے کے حل کے لیے وزیر داخلہ محسن نقوی کو فوری طور پر طلب کر لیا ہے۔ ذرائع ایوان صدر کے مطابق، صدر زرداری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو ٹیلی فون کیا اور دونوں صوبائی حکومتوں کے درمیان چلنے والی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے محسن نقوی کو فوری طور پر کراچی طلب کر لیا ہے تاکہ دونوں صوبائی حکومتوں کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کر کے حل کیا جا سکے۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے پنجاب اور سندھ حکومت کے درمیان ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری جاری ہے۔ یہ کشیدگی بنیادی طور پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر شروع ہوئی تھی، جس پر پیپلز پارٹی نے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کرتے ہوئے ان سے اپنے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔ مریم نواز نے اپنے موقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کوئی پنجاب کے خلاف بات کرے گا تو بطور وزیراعلیٰ وہ اسے جواب ضرور دیں گی اور صوبے کے عوام کا تحفظ کریں گی، اور وہ کسی سے معافی نہیں مانگیں گی۔