دنیا - 14 اکتوبر 2025
ایران نے فرانسیسی-جرمن نوجوان کو رہا کر دیا، فرانس نے دیگر زیرِ حراست شہریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا

دنیا - 09 اکتوبر 2025
ایران نے 19 سالہ فرانسیسی-جرمن شہری لینارٹ مونٹیرلوس کو جاسوسی کے الزامات ختم کیے جانے کے چند دن بعد رہا کر دیا ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل باروٹ نے اس کی تصدیق کی، جبکہ سفارتی ذرائع کے مطابق، نوجوان کی جلد فرانس واپسی متوقع ہے۔
مونٹیرلوس، جو دوہری شہریت کا حامل ہے، کھیل اور سیاحت کا شوقین تھا اور یورپ سے ایشیا کے سائیکل سفر کے دوران 16 جون کو بندر عباس میں گرفتار ہوا تھا۔ ان کے والدین نے ان کی محفوظ رہائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، نوجوان کو ہفتے کے روز رہا کر کے فرانسیسی سفارت خانے کے حوالے کیا گیا تاکہ ان کے ملک واپس جانے کے انتظامات مکمل کیے جا سکیں۔ تاہم، فرانس کے کئی شہری اب بھی ایران میں زیرِ حراست ہیں۔
وزیر خارجہ باروٹ نے اس موقع پر کہا کہ فرانس سیسیل کوہلر اور ژاک پیرس نامی فرانسیسی جوڑے کو نہیں بھولا، جو ساڑھے تین سال سے ایران میں قید ہیں اور انہیں سزائے موت کا سامنا ہے۔
یورپی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران مغربی شہریوں کو دباؤ کے آلے کے طور پر استعمال کر رہا ہے تاکہ اپنے جوہری پروگرام اور اقتصادی پابندیوں میں نرمی کے لیے سفارتی رعایتیں حاصل کر سکے۔
اطلاعات کے مطابق، کوہلر اور پیرس کی حراست کا تعلق ایرانی خاتون مہدیہ اسفندیاری کی گرفتاری سے جوڑا جا رہا ہے، جسے فرانس میں دہشت گردی کے فروغ کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ اندازوں کے مطابق، ایران میں تقریباً 20 یورپی شہری اس وقت قید ہیں۔