پاکستان - 14 اکتوبر 2025
ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ اسکول پر حملہ ناکام، 6 دہشت گرد ہلاک، 7 جوان شہید

پاکستان - 11 اکتوبر 2025
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے رتہ کلاچی میں پولیس ٹریننگ اسکول پر خوارجی دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، تاہم پولیس اہلکاروں نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 7 بہادر پولیس جوان شہید ہو گئے۔
سنٹرل پولیس آفس کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھرا ٹرک اسکول کے گیٹ سے ٹکرا دیا، جس کے دھماکے کے بعد مختلف یونیفارمز میں ملبوس دہشت گرد اسکول کے اندر داخل ہوئے۔ پولیس اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد علاقے کو کلیئر کر دیا۔
ڈی پی او صاحبزادہ سجاد احمد اور آر پی او سید اشفاق انور موقع پر موجود رہے، جب کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر پانچ گھنٹے طویل آپریشن کے دوران چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس، اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا۔
آپریشن کے دوران سات اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تمام زیر تربیت ریکروٹس کو بحفاظت محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا۔
آئی جی پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے علاقے کو کلیئر قرار دیتے ہوئے سرچ اینڈ کلین آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے شہید جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، جبکہ بہادر اہلکاروں کے لیے انعامات کا اعلان بھی کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے جانفشانی اور دلیری کے ساتھ خوارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، اور خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔